
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کے ممبر انجینئرنگ نے اتوار کے روز چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت کی روشنی میں سی ڈی اے فسلٹیشن سینٹر اور راول ڈیم انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی ممبر انجینئرنگ کے ہمراہ تھے۔ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے نے منصوبوں میں تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران کی جانب سے ممبر انجینئرنگ کو جاری تعمیراتی کاموں پر بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے فسلٹیشن سینٹر میں عوام الناس کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اسی سلسلے میں لفٹ کی تنصیب بھی کی جارہی جس کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔بعد ازاں ممبر انجینئرنگ نے متعلقہ شعبوں کے افسران کے ہمراہ راول ڈیم انٹرچینج منصوبے کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ممبر انجینئرنگ نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور کام کے اعلی معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔



