علاقائی

سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم فرجاد ارشد عرف فاری 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

فتح جنگ (): تھانہ باہتر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم فرجاد ارشد عرف فاری کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم سے 20 ہزار روپے نقد رقم برآمد کی گئی، جو ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک ڈکیتی کی واردات سے حاصل کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک غریب شخص سے، جو بکریاں فروخت کرکے واپس جا رہا تھا، رقم چھین لی تھی۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تلاش جاری ہے۔

پولیس نے مزید تفتیش اور باقی ماندہ مسروقہ مال کی برآمدگی کے لیے عدالت سے ملزم کے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ فتح جنگ محمد شاہد ضیاء نے سابقہ جسمانی ریمانڈ کا ریکارڈ ملاحظہ کرنے کے بعد ملزم کو مزید پولیس تحویل میں دینے کے بجائے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے ملزم کو 4 جولائی 2026 کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

عدالت میں پیش کیے گئے مؤقف کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم سے مزید تفتیش اور مقدمے کے مختلف پہلوؤں کی چھان بین ضروری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف نوعیت کے جرائم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

اس مقدمے میں اس سے قبل بھی ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔ گزشتہ سماعت کے دوران تھانہ باہتر پولیس نے ملزم کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کرتے ہوئے مزید پانچ روزہ ریمانڈ کی درخواست دی تھی۔ عدالت نے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع منظور کی تھی۔ اسی دوران پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مبینہ طور پر ڈکیتی کی واردات سے حاصل ہونے والی 20 ہزار روپے کی رقم برآمد کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ مزید شواہد اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے اضافی وقت درکار ہے۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق فرجاد ارشد عرف فاری کے خلاف دیگر مقدمات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔ ذرائع کے مطابق تھانہ صدر حسن ابدال میں بھی اس کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے جس میں ایک خواجہ سرا کے مبینہ اغوا، غیر قانونی حراست اور مالی استحصال سمیت مختلف الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم ان مقدمات کا حتمی فیصلہ متعلقہ عدالتوں میں ہونا باقی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker