
فتح جنگ ()
تھانہ باہتر پولیس نے زیرِ تفتیش بدنام زمانہ ملزم فرجاد ارشد عرف فاری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ فتح جنگ محمد شاہد ضیاء کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے مزید پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق دورانِ تفتیش پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مبینہ طور پر چوری شدہ مال کی فروخت سے حاصل ہونے والی 20 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی ہے۔ پولیس کا مؤقف تھا کہ مقدمہ نمبر 123/26 تھانہ باہتر کے سلسلے میں مزید تفتیش اور باقی ماندہ مسروقہ مال کی برآمدگی کے لیے ملزم سے مزید پوچھ گچھ ضروری ہے۔ عدالت نے ملزم کو 20 جون 2026 کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ بدنام زمانہ فرجاد ارشد عرف فاری کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات زیرِ تفتیش ہیں۔ ان میں تھانہ صدر حسن ابدال میں درج ایک مقدمہ بھی شامل ہے جس میں ملزم پر خواجہ سرا کے مبینہ اغوا، غیر قانونی حراست اور مالی استحصال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم ان مقدمات کے حتمی فیصلے متعلقہ عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔
تازہ عدالتی حکم کے بعد تھانہ باہتر پولیس کو کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش اور ممکنہ برآمدگیوں کے لیے دو روز کا اضافی وقت مل گیا ہے





