
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )کے چیئرمین نے اتوار کے روز 93 کورٹس پروجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیئرمین کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور 30فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ پلرز کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد لینٹر کا کام جاری ہے جس کے بعد اب کام میں مزید تیزی آئے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ یہ منصوبہ اپنی مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا اور مئی 2022 تک اس عمارت کو فنکشنل کردیا جائے گا۔وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر اسلام آباد میں عدالتوں کی فراہمی کیلئے ستمبر 2021 میں شروع کیے گئے بڑے تعمیراتی منصوبے کو تعمیر کے آغاز سے 6 ماہ سے کچھ زیادہ کے ریکارڈ ٹائم فریم میں مکمل کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد گزشتہ کئی دہائیوں سے ضلعی عدالتوں کے بغیر ہے اور فی الحال عدالتیں ایف ایٹ کے اندر کرائے کی عمارت میں قائم ہیں۔ قانونی چارہ جوئی کرنے والوں یا عدالتی کارکنوں کے لیے کوئی مناسب سہولت دستیاب نہیں تھی۔مذکورہ منصوبے کی تکمیل کے بعد ضلعی عدالتوں میں آنے والوں اور عدالتی کارکنوں کو بہتر سہولت میسر ہو گی۔