لاہور( آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے بیان میں کہا کہ عدالتی نظام کے “لاڈلے” کو باہر جانے کی کیا ضرورت ؟، جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلے ہیرو بنایا، فارن فنڈنگ کی، اقتدار دلایا، معیشت، خارجہ تعلقات تباہ کئے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے ، یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں۔
رانا ثنا ءکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پاکستان واپس لانے، رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب دہشت گردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں، پاکستان کو عالمی عدالت انصاف میں کھڑا کرنے سے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انسانوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو دلی خوشی ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران نیازی پر یہ پیسہ کون خرچ کررہا ہے؟۔