
راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 نومبر سے کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں جہاں متعدد جھڑپوں کے دوران 31 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کیے گئے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
علاقوں میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔





