
اسلام آباد:پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ جنریشن اسٹیشن میں چشمہ5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ تعمیراتی کام میں اہم سنگ میل حاصل کر لیا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چینی حکام اور متعلقہ اداروں کے دیگر اعلیٰ عہدہ دار اور نمائندگان بھی موجود تھے۔پاکستان کے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مقررہ وقت سے قبل اس اہم تعمیراتی مرحلے کی تکمیل کے لیے انتھک محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ5 منصوبہ پاکستان میں صاف اور اخراج سے پاک بجلی کی پیداوار کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے چینی شراکت داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاک چین ہمہ موسمی دوستی اور اقتصادی، سلامتی اور ترقی کے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ ہے۔





