
کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کیے جا رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شابان، کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس میں اب تک 33 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کر دیئے، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 23 دہشتگرد ہلاک کئے گئے اور سکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو دہشتگردوں سے کلیئر کر لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی کو فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خطرے سے نجات دلائی گئی، نوشکی اور مند میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران بھی بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان اور دیگر علاقوں میں کارروائیوں سے بھارتی حمایت یافتہ افغان پراکسیز کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت بھرپور عزم سے جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔





