
اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )کا ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کیلئے مرکزی شاہرائوں پر مرجر لین بنانے کا فیصلہ ، اسلام آباد ایکسپریس وے اور آئی 8میں مرجر لین بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ، رش کے اوقات میں مرجر لین کے ذریعے ٹریفک کے دبائو میں کمی لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد میں ٹریفک کا دباو کم کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں شہر کے مختلف علاقوں میں مرجر لین کی تعمیر بھی شامل ہے ۔
اس ضمن میں اسلام آباد ہائی وے پر ایک مرجر لین پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ایس ایس پی ٹریفک رائے مظہراور ڈائریکٹر ایم اینڈ آر عمرصغیر نے کام کا جائزہ لیا۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق عموما صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کا دباو ایک سمت میں زیادہ ہوتا ہے، ایسی صورت میں مرجر لین کے ذریعے ٹریفک دوسری سائیڈ پر لے جا کر دباو میں کمی لائی جائے گی۔ اسی قسم کی ایک اور لین آئی 8 میں بھی بنائی جارہی ہے ، ابتدائی طور سی ڈی اے مرجر لین تعمیر کرکے دے رہا ہے جس کے بعد اس کی دیکھ بھال ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہوگی۔