
اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے )کی انتظامیہ نے اسلام آباد شہر میں پانی کی بلاتعطل فرہمی بالخصوص موسم گرما میں پانی کی فراہمی کو بلا تعطل یقینی بنانے کے لئے ایک موثر پلان بنایا ہے ۔جس کے تحت شہر بھر میں واٹر سپلائی نیٹ ورک میں موجود واٹر لیکجز سمیت دیگر پانی کے ایسی وجوہات جو پانی کے ضیاع کا باعث بن رہی ہیں ان کو دور کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں سی ڈی اے کے شعبہ واٹر سپلائی نے ایک ہزار سے زائد مختلف مقامات پر واٹر سسٹم میں موجود لیکجز جیسے نقائص پر قابو پالیا ہے جس سے یومیہ دس ملین گلین پانی کی بچت ہوئی ہے۔ اس پانی کو واٹر سسٹم نیٹ ورک میں شامل کرنے سے پانی کے پریشر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔مزید برآں موسم گرما کی آمد سی قبل کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا شعبہ واٹر سپلائی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پرانی اور بوسیدہ پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت کے کام سمیت نئی پائپ لائن بچھانے کا کام بھی تیزی سے کررہا ہے۔ اس ضمن میں بیس کڑور روپے کے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔
اسی ضمن میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں لو کٹیگری کے 300 گھروں میں عرصہ دراز سے خراب پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت اور نئی پائپ لائنوں کو بچھانے کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ جس سے اس علاقے میں پانی کی سپلائی پریشر کے ساتھ بحال کردی گئی ہے اور اہل علاقہ کا درینہ مسئلہ بھی حل ہوگیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر ایف ایٹ، ایف سیون، ایف ٹین میں بھی ایسی پائپ لائنز جو انتہائی بوسیدہ اور پرانی ہیں اور واٹر سپلائی نیٹ ورک آپس میں منقطع ہے ان پر بھی شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے تیزی سے کام جاری ہے۔
مزید برآں شعبہ واٹر سپلائی نے پانچ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا کام بھی مکمل کرلیا ہے۔ اسی طرح اسلام آباد میں ریڈ زون کے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو میں بھی شاہدرہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بحالی سے پانی کی متواتر ترسیل جاری ہے۔ جبکہ موسم گرما کی آمد سے قبل شعبہ واٹر سپلائی نے خراب واٹر ٹینکرز کی مرمت کا کام بھی تیزی سے شروع کردیا ہے تاکہ شہریوں کو پانی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح خانپور کینال کی صفائی بھی مکمل کرلی گئی ہے۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔