
اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کا ہفتہ وار تعطیل کے باوجود قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن،4 غیر قانونی گھر مسمار کر دیئے گئے ۔
سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور اہلکاروں نے ہفتہ کے روز بری امام میں غیر قانونی قبضے کے کوشش کو ناکام بنادیا۔
تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیا نے ہفتہ وار تعطیل کا فائدہ اٹھانے کی غرض سے بری امام نزد قائد اعظم یونیورسٹی کے سامنے واقع سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات شروع کی ہوئی تھی تاہم سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے محکمہ انوائرمنٹ کے عملے کیساتھ ملکر بھر پور کارروائی کی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری سی ڈی اے عملے کی معاونت کے لئے موجود تھیں۔ اس آپریشن کے نتیجے میں بری امام قائد اعظم یونیورسٹی کے بلمقابل سرکاری اراضی پر غیر قانونی 04 گھروں کی تعمیر کے لئے نئے بننے والے 06 کمرے اور 2 چار دیواریوں کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا۔
اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور کارروائیاں کی جارہی ہیں تاکہ سرکاری اراضی کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔