
اسلام آباد(آئی پی ایس )پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے مرکزی رہنما اور صدر یونین کونسل سید پور راجہ شیراز کیانی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل بدترین تشدد کے باوجود وفاداری کی مثال بنے ہوئے ہیں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈاکٹر شہباز گل کے لیے کھڑے ہو کر پیغام دے دیا کہ خان کے سپاہی اپنے لیڈرز کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہیں۔
جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے اسلام آباد پولیس کے ذریعے ڈاکٹر شہباز گل پر بدترین تشدد کروایا اور ہر قسم کے گھٹیا ہتھکنڈے آزمائے مگر ڈاکٹر شہباز گل نے تمام تر مظالم برداشت کرکے بھی اپنے لیڈر کپتان عمران خان کا سچا سپاہی ہونے کا ثبوت دیا راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ عدالتوں میں پیشی اور پمز ہسپتال میں آمد کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں نکلنے والے پی ٹی آئی کارکنان نے ثابت کر دیا کہ تحریک انصاف کا ورکر زندہ ہے اور ہر مشکل وقت میں پارٹی رہنماوں کے ساتھ کھڑا ہے اور انشااللہ حقیقی آزادی ملنے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت سیاسی جماعتوں پر آتے رہتے ہیں مگر انہی جماعتوں کا نام باقی رہتا ہے جو ایسے مشکل مواقع پر اپنے کارکنان کا ساتھ دیتی ہیں۔