
کیلیفورنیا(آئی پی ایس ) سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک نے طالبان حکومت کے 2 سرکاری میڈیا گروپس کے اکاونٹس بند کر دیئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان حکومت کے 2 سرکاری میڈیا گروپس کے سوشل اکاونٹس کو فیس بک کی جانب سے بند کیا گیا۔ جس کے بارے میں فیس بک ترجمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ طالبان امریکہ کی دہشتگرد کی فہرست میں شامل ہیں اس لیے قوانین کے مطابق وہ ہماری کمپنی کی خدمات استعمال نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے اکاونٹس پر پابندی قانون کی پاسداری کے لیے لگائی گئی ہے۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے فیس بک اکاونٹس پر پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغان میڈیا کے فیس بک پیج بند کر کے امریکی کمپنی نے عدم برداشت کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آزادی اظہار کا نعرہ دوسری اقوام کو دھوکا دینے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔





