
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان 16 اپریل کو کراچی میں جلسے سے خطاب کریں گے۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف ملک کے تمام بڑے شہروں میں مرکزی عوامی مقام پر بڑی سکرینیں نصب کرے گی ،ملک بھر سے کارکنان و عوام ان مقامات پر جمع ہوکر کپتان کا خطاب سنیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر تحریک انصاف اسلام آباد علی نواز اعوان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری جنرل اسلام آباد شہزاد گل، منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی اور سربراہ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ صبغت اللہ ورک موجود تھے ۔
اجلاس میں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے فاطمہ جناح پارک میں بڑی جلسہ گاہ کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا۔مقامی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ۔وفاقی دارالحکومت اور قرب و جوار کے شہری بڑی تعداد میں فاطمہ جناح پارک کا رخ کریں گے ۔
خواتین اور میڈیا کیلئے خصوصی انتظامات پر اتفاق ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں وزیراعظم کے خطاب سے قبل مقامی قیادت کارکنان سے مخاطب ہوگی ،جلسے کی کارروائی کو سماجی میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا ۔چیئرمین کی آمد پر مزارِ قائد جلسے کے آغاز کے بعد کراچی جلسے کی کاروائی براہِ راست فاطمہ جناح پارک میں جمع عوام و کارکنان کو دکھائی جائے گی ۔