
سرگودھا(آئی پی ایس)اینٹی کرپشن نے شہریوں کو لوٹنے والا کانسٹیبل دھر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے پولیس میں کالی بھیڑوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی ہے۔کارروائی کے نتیجے میں جعلی عدالتی نوٹس بنا کر سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والا کانسٹیبل رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن ذرائع نے بتایا کہ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کا کانسٹیبل محمد ساجد جعلی عدالتی نوٹس دیکھا کر لوگوں کو بلیک میل کرتا تھا۔
اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل ساجد شہری سے 10ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔اینٹی کرپشن ذرائع نے بتایا کہ ملزم متعدد شہریوں سے پہلے بھی رشوت لے چکا ہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ کا اندراج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔





