
لکی مروت: تحریک انصاف کا لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا، شرکاء آج کوہاٹ روانہ ہوں گے، سہیل آفریدی کی زیر قیادت مارچ میں جنید اکبر سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
بنوں اورکرک کی سرحد پر واقع ختم نبوت چوک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نےکہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنائیں گے، یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے لیڈر نے امریکا اور میں نے بند کمروں کے فیصلہ سازوں کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا، کل شام بانی پی ٹی آئی اور پشتونوں کے وزیراعلیٰ نے ملٹری آپریشنز اور ڈرون اٹیکس کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا ہے، اب خیبر پختونخوا کے عوام کے فیصلے صوبے میں ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار کہتے ہیں کہ 22 سال سے جو پالسی آپ نافذ کر رہے ہیں اس سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم نے امن صرف بانی پی ٹی آئی کے ساڑھے تین سالوں میں دیکھا ہے، ہم ہراس پالیسی کو ایبسلوٹلی ناٹ کہیں گے جو عوام کے حق میں نہیں ہوگی۔
سہیل آفریدی نےکہا کہ میرے پاس بندوقیں نہیں صرف عوامی طاقت ہے، ساؤتھ ریجن کے عوام نے ہر اس پالیسی کو مسترد کیا جو ان کے حق میں نہیں، پوری قوم چاہتی ہے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں اور ملک کی قیادت سنبھالیں۔
ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایکس پر پیغام میں لکھا کہ وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا، پشاور سے لکی مروت تک سہیل آفریدی کا ہیلی کاپٹر پر سفر غالباً سرکاری امور کے لیے تھا۔





