
اسلام آباد(آئی پی ایس )چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے ایکسائز آفس اسلام آباد میں انٹیگریٹڈ موٹر وہیکل رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف کمشنر عامر علی احمد نے کہا کہ یکسائز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد نے عوام کی سہولت کے لیے بہت کام کیا ہے،ہر معاملے میں کمپیوٹرائز سسٹم کی وجہ سے بہت سارے چیکس آ گئے ہیں،اسی وجہ سے بڑی تعداد میں چوری شدہ گاڑیاں پکڑی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اب تک 250 سے زائد گاڑیاں پکڑ کر مالکان کے حوالے کر چکا ہے،گزشتہ چند دنوں میں 24 گاڑیاں پکڑی گئی ہیں،ان گاڑیوں کو آج مالکان کے حوالے کر رہے ہیں،عامر علی احمد نے کہا کہ ہر سال ٹیکس کلکشن میں اضافہ ہو رہا ہے جو آن لائن ٹیکس کلکشن کے سبب ہے،آج نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے ون ونڈو آپریشن سینٹر کا افتتاح کر دیا گیاہے،یہاں کمپیوٹرائز ٹوکن سسٹم پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کی جا سکے گی،نئی ٹیکنالوجی کے سبب چوری شدہ گاڑیوں کو باآسانی پکڑ رہے ہیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اب تک 250 سے زائد گاڑیاں پکڑی ہیں،جلد ہی تھر نمبر پلیٹ کا سسٹم بھی لا رہے ہیں،یہ الیکٹرک چپ ہو گی جس میں آر ایف آئی ڈی استعمال ہو گی،چپ سے گاڑی کی ساری تفصیلات کمپیوٹر پر ڈسپلے ہو جائیں گی،ایسی گاڑیاں پورے ملک میں کسی بھی موٹر وے، ہائی وے، اور سیف سٹی کیمروں پر مکمل تفصیلات کے ساتھ مانیٹر ہو گی۔