
اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے سینئر رہنما اور ڈویژنل ایڈوائزری کمیٹی کے رکن راجہ شیراز کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں، انشااللہ کارکردگی کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کریں گے، اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا بااختیار اور طاقت ور ترین بلدیاتی نظام جلد وجود میں آئے گا
ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، راجہ شیراز کیانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں جو 31 جنوری تک مرکزی دفتر میں وصول کی جائیں گی اس طرح پی ٹی آئی اسلام آباد کی پہلی سیاسی جماعت قرار پائی ہے جس نے بلدیاتی انتخابات کی باقاعدہ تیاری شروع کی پی ٹی آئی نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، معاونِ خصوصی وزیراعظم پاکستان علی نواز اعوان اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز کی قیادت میں پورے اسلام آباد میں جو تاریخ ساز ترقیاتی کام کروائے ہیں ان کی بنیاد پر انشااللہ پی ٹی آئی ہی وہ جماعت ہوگی جو ان انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، شیراز کیانی نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے لیے بااختیار اور طاقت ور لوکل گورنمنٹ سسٹم متعارف کروایا ہے جو دنیا کے بڑے میٹروپولٹین شہروں کے برابر بلدیاتی نظام لے کر آئے گا اور ایک بااختیار میئر عوام کے براہ راست ووٹ سے منتخب ہوگا، انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔