اہم خبریںپاکستان

دنیا عمران خان کی مریدی اختیار کرے،بھارت پاک چین تعلقات میں دراڑپیداکرنے میں ناکام ہوگا،صدر مملکت

اسلام آباد، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت پاک چین تعلقات میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش میں ناکام ہوگا،دنیا کو ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بہت بہادری سے مقابلہ کیا،دنیا تسلیم کرے کہ افغانستان کے متعلق عمران خان اور پاکستان کا مشورہ درست ثابت ہوا، دنیا کو دیگر معاملات میں بھی عمران خان کی شاگردی و مریدی اختیار کرنی چاہیے،بھارت میں ایٹمی مواد کی کھلم کھلافروخت باعث تشویش ہے اور بھارت کے فاشسٹ نظریئے کی مذمت کرتاہوں،فیک نیوزکے ذریعے دنیاکوگمراہ کیاگیا، جھوٹی خبروں کا سدباب ضروری ہے،انتخابات میں اصلاحات ضروری ہے، ای وی ایم کو سیاسی فٹبال نہ بنایا جائے،ملک کی تقدیرکا مسئلہ ہے،انتخابات میں شفافیت جمہوریت کے لیے بہت ضروری ہے،اپوزیشن کو شورمچانے کی بجائے حقیقت تسلیم کرنی پڑیگی ، صبرکریں اور سنیں،حکومتی کارکردگی اورکامیابی کوشورشرابے سے نہیں روکاجاسکتا،کرپشن کے ناسوراورماضی کی غلط ترجیحات کی وجہ سے ہم ترقی سے محروم رہے، ہم نے ماضی میں ٹیلنٹ کی قدرنہیں کی، ہم نے لوٹ مارسے توجہ ہٹاکرانسانیت پرفوکس کیا۔وہ پیر کو قومی اسمبلی کے چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان، قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف، قائد حزب اختلاف سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،شاہد خاقان عباسی،پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری ، چاروں صوبوں کے گورنرز اور ورزائے اعلیٰ کے علاوہ آزاد کشمیرکے صدر، سروسز چیفس اور مختلف ممالک کے سفیر بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مشترکہ پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بہت بہادری سے مقابلہ کیا۔صدر مملکت کے خطاب کے دوران ایوان میں شور شرابا دیکھنے میں آیا اور اپوزیشن اراکین احتجاج کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔صدر عارف علوی نے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر اراکین پارلیمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار اور "رواداری کی روایت” پروان چڑھے۔ہمسایہ ملک افغانستان میں گزشتہ ماہ کے وسط میں آنے والی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ طالبان رہنماں کے بیانات حوصلہ افزا ہیں، افغانستان کی تعمیر و ترقی میں دنیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے دہشت گردی کا بہت بہادری سے مقابلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کوروناکے منفی اثرات کے سبب دنیا کی تمام معیشتیں سکڑ گئیں تمام حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت دنیا کے مقابلے میں بہتر رہی۔ایوان میں اپوزیشن کے شور شرابے پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کتنا بھی شور مچالے، حقیقت تسلیم کرنی پڑے گی، مالی سال 2021 کے دوران پاکستان کی برآمدات، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایشیا کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، حکومت کے اقدامات کے سبب عالمی بینک نے کاروبار میں آسانیوں میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، موجودہ مالی سال کے 2 مہینوں میں بھی ہدف سے 160 ارب زیادہ اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عوام کی جانب سے بڑے پیمانے پر ٹیکس جمع کرانا اور ترسیلات زر بھیجنا حکومتی پالیسیوں پر عوام کا اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بات سمجھ آگئی ہے، ایوان میں بھی لوگوں کو سمجھ آجانی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں تعمیراتی شعبے میں تاریخی ترقی ہوئی ہے جس کا سہرا وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے آئی ٹی شعبے پر خصوصی توجے کی وجہ سے اس کی برآمدات میں 47 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں نوجوانوں کو تربیت و روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ امر قابل تحسین ہے کہ حکومت کے شروع کیے گئے ڈیجی اسکلز کے نام سے پروگرام سے 17 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جاچکی ہے جس میں اکثریت 18 سے 29 سال کے نوجوان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے فری لانسرز نے اب تک 20 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس، کلاڈ کمپیوٹنگ سمیت دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی مدد سے تیز رفتار ترقی کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ ذہانت کے اعتبار سے پاکستانی قوم دنیا کی کسی قوم سے پیچھے نہیں ہے، ہمارے نوجوان اپنی ذہانت کو بروئے کار لاکر سائبر سیکیورٹیز کے چیلنجز سے احسن طریقے سے قابو پانے میں مدد کرے گا۔انسانی وسائل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ناسور کی وجہ سے ہم سماجی ترقی کے تمام اشاریوں میں دنیا سے پیچھے رہے، ٹیلنٹ اور میرٹ کی کوئی قدر نہیں کی گئی جس کی وجہ گورننس کمزور ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کا تصور صرف سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ ماحول خوراک تعلیم و صحت بھی قومی سلامتی کے جامع تصور کے تحت مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کمزور اور نادار طبقے کے لیے احساس پروگرام جیسے سماجی تحفظ کا پروگرام سامنے لائی ہے، حکومت نے لوٹ مار سے ہٹ کر انسانوں کو ترجیح دی ہے۔ملک میں بیروزگاری کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ایک اور بہترین کام کامیاب جوان پروگرام ہے جس کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو 15 ارب سے زائد کی رقم 14 ہزار سے زائد کاروبار شروع کرنے کے لیے فراہم کیا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صحت کے مسائل کے حل کے لیے مفت علاج فراہم کرنے میں بھی سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملک کی مکمل آبادی تک یہ صحت کا پروگرام پہنچا دیا جائے گا، حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ ٹیلی میڈیسن پر توجہ دی جائے تاکہ ہسپتالوں کے چکر سے بچا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائیرایجوکیشن نے خصوصی افراد کے لیے پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے ملک بھر کے جامعات میں ٹیوشن فیس اور ہوسٹل فیس مکمل معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ان پڑھ انسان صرف بوجھ اٹھاسکتا ہے، تعلیم یافتہ شخص اپنی اور قوم کی معیشت کو بڑھاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جنسی زیادتی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کی ہے تاہم اس کے علاوہ معاشرے کی ذمہ داری ہے جہاں ایسی چیزیں دیکھے تو اسے روکیں۔ان کا کہنا تھا کہا افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان کے چند حصوں میں خواتین کو وراثتی حقوق سے دور رکھا جاتا ہے، اس کے لیے حکومت نے خواتین کے ملکیتی حقوق کا ایکٹ منظور کیا ہے۔ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دس ارب درختوں کے سونامی اور کلین اینڈ گرین پاکستان جیسے پروگراموں کو ووٹ کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے انتخابات میں شفافیت لانے کے لیے انتخابی اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ایک اہم ٹول ہیں جو شفافیت لائیں گی، بروقت نتائج دیں گی اور ووٹر کی شناخت کو خفیہ رکھیں گی، میں درخواست کر رہا ہوں کہ اسے سیاسی فٹ بال نہ بنائیں کیونکہ اس کا تعلق ملک کے مستقبل سے ہے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئی ووٹنگ جیسے سیاسی عمل میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے، امید ہے کہ تمام جماعتیں اس سلسلے میں تعاون کریں گی۔ خارجہ پالیسی کے معاملات کی بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسلی کشی کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بے انتہا ناانصافی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں تھا تاہم بھارت نے اس خواہش کو کمزوری سمجھا۔ان کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں بھارت نے ہماری فضائی خودمختاری کی خلاف ورزی کی تو ہم نے مناسب جواب دیا اور ان کا طیارہ مار گرایا اور ان کا پائلٹ واپس کر دیا۔انہوں نے کہا کہ میں بھارت کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ظلم کو روکے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے۔انہوں نے کہا کہ خطے کا استحکام بھارت کے بڑھتے ہوئے ہندوتوا اثر و رسوخ سے خطرے میں ہے، دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے لیے بڑا کردار ادا کیا ہے اور چاہتا ہے کہ افغانستان کی نئی طالبان حکومت لوگوں کو متحد کرے، عام معافی کو اختیار کرے جیسا کہ فتح مکہ کے وقت دیکھا گیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کرے کہ وہ کسی بھی پڑوسی ملک کے لیے خطرہ نہ بنے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو افغان عوام کو چھوڑنا نہیں چاہیے، ان کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، دنیا کو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے مشورے(افغانستان کے حوالے سے)درست ثابت ہوئے۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی اقتصادی ترقی کے لیے جیو اکانومکس اور علاقائی رابطے پر توجہ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ تعلقات کو بڑے احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں اور انہیں مضبوط بنانا چاہتے ہیں، میں بھارت کو یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ وہ کبھی اپنے اہداف میں کامیاب نہیں ہوگا اور پاک چین دوستی مضبوط تر ہوتی رہے گی۔عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے لیے بڑا کردار ادا کیا ہے اور چاہتا ہے کہ افغانستان کی نئی طالبان حکومت لوگوں کو متحد کرے، عام معافی کو اختیار کرے جیسا کہ فتح مکہ کے وقت دیکھا گیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کرے کہ وہ کسی بھی پڑوسی ملک کے لیے خطرہ نہ بنے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker