کھیل

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی، پاکستان کا معاہدے پر دستخط سے تا حال گریز

کراچی(آئی پی ایس) پاکستان نے تاحال چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں جب کہ آئی سی سی کی جانب سے ارسال کردہ دستاویز پر سینئر وکلا ء کے مشورے پر کئی اعتراضات اٹھا د ئیے گئے۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، مقابلوں کا انعقاد فروری ،مارچ میں ہوگا، آئی سی سی نے کچھ عرصے قبل پی سی بی کو ہوسٹنگ ایگریمنٹ (میزبانی کا معاہدہ ) بھیجا تھا۔

عام طور پر ایسی دستاویزات فوری دستخط کر کے واپس بھیج دی جاتی ہیں تاہم اس بار ایسا نہ ہوا،پاکستانی بورڈ نے بعض بڑے وکلا ءکو معاہدہ دکھایا اور پھر چند اعتراض لگا کر آئی سی سی کو خط بھیج دیا کہ پہلے انہیں دور کریں پھر سائن کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس کے دورئہ پاکستان کی بڑی وجہ بھی چیمپئنز ٹرافی کا معاہدہ ہی تھی، پی سی بی نے غیرمحسوس طور پر مہمانوں کو آگاہ کیا کہ وہ اب مکمل طور پر آئی سی سی سے ملنے والی رقم پر انحصار نہیں کرتے بلکہ پی ایس ایل وغیرہ سے بھی اچھی آمدنی ہو جاتی ہے،پہلے خط کا جواب دیں پھر دیکھیں گے، اس کے بعد خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوتی رہی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو اصل خدشہ بھارتی ٹیم کے نہ آنے کا ہے، کونسل سے پوچھا گیا کہ اس صورت میں کیا ہوگا؟براڈ کاسٹ و دیگر آمدنی پر کیا اثر پڑے گا؟نقصانات کا ازالہ کیسے کیا جائے گا؟ آئی سی سی نے اس کا کوئی تحریری جواب نہ دیا البتہ بات چیت جاری رہی، اب ایک سائیڈ ایگریمنٹ پر اتفاق ہو گیا جس میں پاکستانی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی، ایسا ہونے پر ہی معاملات ٹریک پر آئیں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker