
دبئی: ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹی20 (آئی ایل ٹی20) سیزن 5 کی پلیئرز نیلامی میں ریکارڈ بولیاں لگائی گئیں، جہاں چار کھلاڑیوں نے گزشتہ سیزن کا 2 لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ افغانستان کے فاسٹ بولر فضل الحق فاروقی سب سے مہنگے کھلاڑی رہے، جنہیں ایم آئی ایمریٹس نے 3 لاکھ 80 ہزار ڈالر میں حاصل کیا، جبکہ انگلینڈ کے لیام لیونگ اسٹون 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں گلف جائنٹس کا حصہ بنے۔پاکستان کے اسٹار کھلاڑی بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور فخر زمان کو ڈیزرٹ وائپرز نے ان کی مقررہ بنیادی قیمت 80، 80 ہزار امریکی ڈالر میں خرید لیا۔ بابر اعظم سیزن 5 میں پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی20 کھیلیں گے، جبکہ نسیم شاہ اور فخر زمان دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔نیلامی میں افغانستان کے رحمان اللہ گرباز 3 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں گلف جائنٹس کا حصہ بنے، جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کو دبئی کیپیٹلز نے 3 لاکھ ڈالر میں حاصل کیا۔ گلف جائنٹس نے ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف پر بھی 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی بڑی رقم خرچ کی۔ایم آئی ایمریٹس نے پاکستان نژاد اماراتی کھلاڑی محمد وسیم کو رائٹ ٹو میچ (آر ٹی ایم) اختیار استعمال کرتے ہوئے 2 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں برقرار رکھا، جو آئی ایل ٹی20 کی تاریخ میں کسی اماراتی کھلاڑی کی سب سے بڑی قیمت ہے۔ اسی طرح کرس جارڈن 1 لاکھ 70 ہزار ڈالر اور افغانستان کے اللہ غضنفر 1 لاکھ 50 ہزار ڈالر میں ایم آئی ایمریٹس کا حصہ بنے۔شارجہ واریئرز نے انگلینڈ کے رچرڈ گلیسن کو 1 لاکھ 80 ہزار ڈالر اور افغانستان کے محمد نبی کو 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں خریدا۔ انگلینڈ کے پال والٹر 1 لاکھ 10 ہزار ڈالر میں واریئرز کا حصہ بنے، جبکہ دبئی کیپیٹلز نے آل راؤنڈر داسن شناکا اور بلے باز میکس ہولڈن کو ایک، ایک لاکھ ڈالر میں حاصل کیا۔نیلامی میں ابوظبی نائٹ رائیڈرز، ڈیزرٹ وائپرز، دبئی کیپیٹلز، گلف جائنٹس، ایم آئی ایمریٹس اور شارجہ واریئرز نے اپنی ٹیموں کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف ممالک کے کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کی۔ امریکا کے امشی ڈی سلوا اور حسن خان، اسکاٹ لینڈ کے برینڈن میک ملن اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے بھی نمایاں خریداریوں میں شامل رہے۔نیلامی کے دوران سیزن 5 کے سفیر بریٹ لی کے ساتھ اے بی ڈی ویلیئرز، ایلن ڈونلڈ، شعیب ملک اور عثمان خواجہ سمیت کرکٹ کے نامور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ٹیموں کے مجموعی اخراجات کے مطابق ایم آئی ایمریٹس نے 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے، جبکہ گلف جائنٹس نے 19 لاکھ 72 ہزار ڈالر، دبئی کیپیٹلز نے 18 لاکھ 34 ہزار ڈالر، شارجہ واریئرز نے 17 لاکھ 20 ہزار ڈالر، ابوظبی نائٹ رائیڈرز نے 15 لاکھ 49 ہزار ڈالر اور ڈیزرٹ وائپرز نے 15 لاکھ 44 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔





