
بیجنگ :چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے معمول کی پریس کانفرنس میں ایک پاکستانی خلا باز کی چین کے شین زو 24 انسان بردار خلائی مشن میں شرکت کے حوالے سے تبصرہ کیا۔گو جیا کھون نے کہا کہ وسیع و عریض خلا کی کھوج اور بیرونی خلا کا پُرامن استعمال پوری انسانیت کا مشترکہ خواب اور پوری انسانیت کی مشترکہ فلاح و بہبود سے متعلق معاملہ ہے۔ چین ہمیشہ بیرونی خلا کے پُرامن استعمال کی حمایت کرتا آیا ہے، بین الاقوامی خلائی تعاون کو فعال طور پر فروغ دے رہا ہے اور بیرونی خلا کے شعبے میں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ پاکستانی خلا باز کی شین زو 24 خلائی مشن میں شرکت چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی اور غیر ملکی خلا بازوں کی مشترکہ خلائی پرواز ہوگی، جبکہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کی آمد بھی ہوگی۔ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یہ دونوں ممالک کے تعاون کا ایک اور اہم ثمر ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید آگے بڑھانے، خلائی شعبے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچانے کا خواہاں ہے۔





