
اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز اداکار و ہدایت کار ضیا محی الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہےگی۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضیا محی الدین اپنی ذات میں ایک فن پارہ تھے، ضیا محی الدین کے مخصوص انداز نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دھوم مچائی، افسوس ہے کہ کئی خوبصورت خوبیوں کا مالک شخص معاشرے سے کوچ کرگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ضیا محی الدین کی آواز ہمارے ذہن میں گونجتی رہےگی، ضیا محی الدین کی صلاحیتوں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، آمین۔
خیال رہے کہ ممتاز اداکار ، ہدایت کار اور ٹی وی میزبان ضیا محی الدین 91 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ضیا محی الدین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ڈیفنس فیز 4 میں امام بارگاہ یثرب میں ادا کی جائےگی۔