
ملتان(آئی پی ایس )معروف دانشور اور ماہرتعلیم رزاق شاہد نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے مشرقی کنارے کاہرشہر والٹن کیمپ کامنظرپیش کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ انسان ہمیشہ سے آندھیوں،طوفانوں اور سیلابوں سے نبردآزماہے اورہم بھی اسی تجربے سے گزررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تین روز قبل راجن پور کوبچانے کے لیے فاضل پور اوراس سے ملحقہ علاقوں کو ڈبو دیاگیا۔ہم ہمیشہ سے قربانیاں دیتے آئے ہیں۔ ہم نے بٹوارہ نہیں دیکھا لیکن آج جب پانی نے آگ بن کر ہمارا سب کچھ بھسم کردیاہے اور سب کچھ بہا کر لے گیاہے ۔ہم اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کے دست وبازو بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس دوردراز علاقے میں کسی پر کیابیتی میڈیا کوبھی اس سے کوئی غرض نہیں۔ ہم اپنی جنگ خود لڑرہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم اس مرتبہ بھی کامیاب ہوںگے۔ ہم ایک مرتبہ پھر اپنے بکھرے ہوئے سامان کوجمع کریں گے اورنئی زندگی کاآغاز کریں گے۔