
اسلام آباد(آئی پی ایس)شہباز حکومت کی جانب سے آئین شکنی کے معاملے پر عمران خان کی حکومت سے منسلک اہم شخصیات کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کو ریفرنس کی تیاری کی ہدایت کردی گئی ہے جو کہ آرٹیکل 6 کے تحت دائر کیا جائیگا۔
قانون کے تحت آرٹیکل 6 کی کارروائی کرنے کی مجاز وفاقی حکومت ہے جو قانون کے ریفرنس تیار کرکے دائر کرتی ہے۔
اس سے متعلق بیانات اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے جبکہ عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کر لئے گئے جن کو شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ریفرنس صدر عارف علوی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر ہوگا جبکہ سابق سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف بھی ریفرنس بھیجا جائے گا۔
اسکے علاوہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے خلاف بھی ریفرنس بنے گا۔
یاد ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح طور پر صدر عارف علوی، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایماء پر آئین شکنی کی۔
پنجاب اسمبلی میں آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی جبکہ صدر عارف علوی نے پارٹی چئیرمن کے حکم پر آئین قربان کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے آئین پر عمل درآمد کرنے واضح احکامات کی توہین کا جرم کیاگیا۔