
جمائما گولڈ اسمتھ نے آئرش نژاد آسٹریلوی فنانسر کیمرون اوریلی کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ ایوارڈ یافتہ اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر ہیں، انہوں نے چند روز قبل 62 سالہ کیمرون اوریلی سے شادی کی ہے، جو آنجہانی آئرش کاروباری شخصیت، میڈیا ٹائیکون اور عالمی سطح کے رگبی کھلاڑی سر انتھونی اوریلی کے بیٹے ہیں۔
جمائما اور اوریلی کی ملاقات ایک سال قبل فلموں اور دستاویزی منصوبوں پر کام کے دوران ہوئی تھی، دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہو گئی۔
جمائما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں ان کے دونوں بیٹے قاسم ، سلیمان اور دوست بھی ان کے ہمراہ دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026ء لکھتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں کے لیے اس دن کو اتنا خاص اور خوشیوں بھرا بنانے والے تمام لوگوں کا دل سے شکریہ۔
خیال رہے یہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی ہے، انہوں نے پہلی شادی سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے 1995 میں کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 2004ء میں طلاق ہوئی، ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم خان ہیں، طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان کے ساتھ تعلقات اور ان کے بچوں سے متعلق معاملات عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ عمران خان کی گرفتاری اور پاکستان میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے حوالے سے مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔گزشتہ ماہ انہوں نے برطانوی حکومت سے عمران خان کی صورتِ حال پر آواز اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کو انسانی حقوق کا ہنگامی معاملہ قرار دیا تھا۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے عمران خان کی صحت، تنہائی اور اہلِ خانہ تک رسائی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔





