
راولپنڈی(آئی پی ایس)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے اور افواہوں کی بنیاد پر بے بنیاد کردار کشی قابل قبول نہیں کی جائے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو پاکستان کی قومی سلامتی، پاکستان آرمی کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں ، آپریشن ردالفساد کے تحت حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے اور فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں ہونے والی بات چیت پر بھی آگاہی دینا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری قومی جنگ انشا اللہ آخری دہشت گرد تک جاری رہے گی، اسی دوران اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت پاک فوج کے 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کی، اب تک 168 جوان اپنی جانوں کا نذرانہ کرچکے ہیں اور ان قربانیوں کا اعتراف اقوام متحدہ کی اعلی سطح پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو روز قبل آرمی چیف کی زیر صدارت فارمیشنز کور کمانڈر کانفرنس ہوئی اور اس میں پاکستان آرمی کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس کے شرکا کو پاک فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اور ضطے کے حالات کے تناظر میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز ان کے حوالے سے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس بریفنگ دی گئیں جبکہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وضر کردہ حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔