کرونا دیپکا کی جسمانی ساخت بدل دی
ممبئی (آئی پی ایس) بولی وڈ کی ’ڈمپل گرل‘ کہلائی جانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون نے کہا ہے کہ کرونا نے نہ صرف ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا بلکہ وبا نے ان کی جسمانی ساخت میں بھی تبدیلیاں کیں۔ دپیکا پڈوکون مئی 2021 میں والدین اور بہن سمیت کرونا کا شکار ہوگئی تھیں اور وہ تین ہفتے تک مرض میں مبتلا رہی تھیں۔ اس وقت خبریں تھیں کہ دپیکا پڈوکون میں کرونا کی زیادہ علامات نہیں اورانہیں ہسپتال منتقل کئے جانے کی نوبت بھی نہیں آئی مگر اب انہوں نے بتایا ہے کہ ان میں دیگر اہل خانہ سے مختلف اور سنگین علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ دپیکا پڈوکون نے ’فلم کمپینین‘ سے بات کرتے ہوئے جہاں اپنے شوبز کیریئر پر بات کی، وہیں انہوں نے کرونا میں مبتلا ہونے اور وبا کے بعد کی زندگی پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ کرونا کے بعد نہ صرف ان کی بلکہ پوری دنیا کے زندگی تبدیل ہوچکی ہے اور دیگر لوگوں کی طرح پہلے تو انہیں بھی سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا ہوگا مگر اب جب سب کچھ ہوچکا ہے تو ان کی زندگی بھی تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے بیماری کی تبدیلیوں پربات کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر شدید اثرات مرتب کئے اور ان میں دیگر اہل خانہ کے مقابلے مختلف علامات ظاہر ہوئی تھیں۔ دپیکا پڈوکون کے مطابق اگرچہ وہ کچھ ہی ہفتے میں کروناسے صحت یاب ہوگئی تھیں مگر دوران علاج وبا نے ان کی ذہنی صحت پر شدید اثرات مرتب کیے اور ان کے ذہن نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اسی حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ کرونا نے ان کی جسمانی ساخت بھی تبدیل کردی اور اس وقت وہ اپنے جسم کو ہی نہیں پہچان پا رہی تھیں۔ دپیکا پڈوکون کے مطابق شاید کرونا کے علاج کے دوران انہیں اس طرح کی دوائیاں دی گئیں جنہوں نے ان کی جسمانی ساخت بھی تبدیل کی اور انہیں اپنا جسم پہچاننے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔