فن و فنکار

پریم نگر فنڈ ریزنگ کنسرٹ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی دعوت پر راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے

کراچی(آئی پی ایس): پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ ،چیئرمین پریم نگر اور ممبرقومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی ایم این اے کی دعوت پر عالمی شہرت یافتہ صوفی گلوکار راحت فتح علی خان کی پریم نگر دی لینڈ آف لو َکیلئے جمعے کے دن بتاریخ پانچ جون کو ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب (معین خان اکیڈمی) میں منعقد کیے جانے والے فنڈ ریزنگ کنسرٹ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں، اس حوالےسے عوام، مخیر حضرات، یونیورسٹی اسٹوڈنٹس، کاروباری اداروں اور سماجی حلقوں کی جانب سے اس منفرد انسانی خدمت کے مشن میں غیر معمولی دلچسپی اور جوش و خروش کا اظہار کیا جا رہا ہے، کراچی کی مختلف سڑکوں، عمارات اور شاپنگ مالز کو دیدہ زیب بینرز سے سجادیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر پریم نگر دی لینڈ آف لوَ ٹاپ ٹرینڈ جبکہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے ویڈیو پیغامات وائرل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرستِ اعلیٰ اور چیئرمین پریم نگر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی ایم این اے نے کنسرٹ تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد، اداروں، کارپوریٹ تنظیموں، سماجی کارکنوں اور نوجوانوں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس نیک مقصد میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک موسیقی کی محفل نہیں بلکہ محبت، انسانیت، خدمت اور امید کا ایک عظیم سفر ہے ،مذکورہ کنسرٹ کا مقصد ان معصوم بچوں، بے سہارا بزرگوں، بیواؤں، خصوصی افراد اور محروم طبقات کی زندگیوں میں امید پیدا کرنا ہے جو زندگی کے سخت ترین حالات کے باوجود بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پریم نگردی لینڈ آف لوَ سندھ کے صحرا تھرپارکر میں ایک ایسی مثالی جدید بستی بنکر اُبھری ہے جہاں مذہب، رنگ، زبان، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہو کر خدمت انسانیت پر توجہ دی جاتی ہے، پریم نگرکی محبت بھری سرزمین میں اسپیشل چلڈرن، یتیم بچوں، بے سہارا خواتین، معمر شہریوں اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئےمتعدد منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم انسانی مشن میں اپنے دوستوں، اہلِ خانہ، ساتھیوں اور سماجی حلقوں کو بھی اس کارِ خیر کا حصہ بنائیں اور پانچ جون کو ڈی ایچ اے اسپورٹس کلب معین خان اکیڈمی میں منعقدہ کنسرٹ میں بھرپور شرکت کرکے محبت اور انسانیت کے اس پیغام کو مزید مضبوط بنائیں۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے مزید کہا کہ کنسرٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کا ہر روپیہ پریم نگر کے اسپیشل چلڈرن، یتیم بچوں، بیواؤں، بزرگوں اور دیگر مستحق افراد کی تعلیم، صحت، بحالی اور فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا، آپ کی ایک ٹکٹ کسی بچے کی تعلیم کا ذریعہ بن سکتی ہے، کسی بے سہارا کیلئے سہارا ثابت ہو سکتی ہے، کسی خصوصی فرد کے علاج میں معاون بن سکتی ہے اور کسی محروم فرد کے چہرے پر مسکراہٹ لا سکتی ہے۔چیئرمین پریم نگر ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے مطابق راحت فتح علی خان پریم نگر فنڈ ریزنگ کنسرٹ سیریزکا اگلا شو حیدرآباد میں14جون کو ہوگا جبکہ اگلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں رنگارنگ میوزیکل کنسرٹ شو منعقد کیے جائیں گے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker