
اسلام آباد ، وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) انتظامیہ کی ڈینگی کے پھیلا ئو روکنے کیلئے خصوصی کاوشیں تیزی سے جاری ہیں اس سلسلے میں اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلا ئو کو روکنے کے لیے اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں فوگنگ اور سپرے کی سرگرمیاں تیزی سے جارہی ہیں،
اب تک اسلام آباد کی تقریبا چار ہزار گلیوں میں فیومگیشن اور سپرے کا کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ روانہ کی بنیاد پر تقریبا تین سو مچھر کش ادویات کا سپرے اور فیومگیشن کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈینگی حساس علاقے مثلا کچی آبادیاں، نالوں کے نزدیک علاقے، عبادت گاہیں، مساجد، مدرسے جیسی دیگر جگہوں پر 10 جدید فومیگیشن مشنیوں اور پینتیس مچھر کش ادویات کے سپرے پمپس کی مدد سے کام مکمل کیا جاچکا ہے، ان سرگرمیوں کے علاوہ شہریوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے ،مزیدبرآں سی ڈی اے انتظامیہ نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے باقی علاقوں میں فوگنگ اور سپرے کا کام جلد مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی دارالحکومت سے ڈینگی کے خاتمے کے لیے مثر رابطہ قائم کریں اور مربوط کوششیں کریں۔واضح رہے ان اقدامات میں سی ڈی اے کی معاونت ڈرایکٹریٹ آف ہیلتھ سروسز نے کی، جبکہ اسلام آباد شہر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں ستر فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔