
اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )انتظامیہ نے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
اس ضمن جہاں وفاقی دارلحکومت کو برقی قمقموں سے سجایاجائے گا ،وہاں سی ڈی اے نے عید میلادالنبی کے مناسبت سے مختلف پروگرام بھی ترتیب دئے ہیں۔اس سلسلے میں 17اکتوبر کو پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں شاندار محفل نعت کا انعقاد کیا جائے گا۔ مزید برآں اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ میں انیس اکتوبر کو شاندار نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا، اسی طرح لیک ویو پارک میں اٹھارہ اکتوبر کو محفل سماع (قوالی)کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لئے سی ڈی اے کی جانب سے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ،علاوہ ازیں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھر پور طریقے سے منانے کیلئے اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون مرکز، آئی ایٹ مرکز، جی سیون ،جناح سپر اور ڈی چوک میں اوپن ائیر قوالی کے پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائے گا، انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر متعلقہ سٹاف میں مختلف اوقات میں ڈیوٹیاں بھی تقسیم کردی گئیں ہیں تاکہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات میں آنے والے شرکا کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔