
اسلام آباد، سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں، درجنوں غیرقانونی تعمیرات مسمار،تجاوزات کنندگان کا 6 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کے روز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیا۔ آپریشن میں ابتدائی طور پر بری امام کے علاقوں ڈھوک ٹاہلی، نور پور شاہاں اور محلہ نڑیل میں 10غیر قانونی چار دیواریاں مسمار کی گئی۔ بعدازاں جابہ تیلی میں سرکاری اراضی پر ایک نیا گھر تعمیر کرنے لئے بنائی گئی نئی چار دیواری بھی گرائی گئی۔ اسی طرح محلہ گڑھی چونترہ میں بھی ایک غیر قانونی زیر تعمیر چار دیواری مسمار کی گئی جبکہ سیکٹر G-11/3 گلی نمبر 84 میں 1 کمرہ اور سٹریٹ نمبر 14، سیکٹر F-11/1 میں 1 غیر قانونی کمرہ بھاری مشینری سے مسمار کر دیا۔ علاوہ ازیں سیکٹر I-14 میں شہریوں کی شکایات پر میں ڈبل روڈ کے اطراف پر قائم گئے 10 غیر قانونی کیبن بھاری مشینری کی مدد سے توڑے گئے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی خصوصی آپریشن کیا جسکے دوران پاکستان ٹائون نزد پی ڈبلیو ڈی کے اطراف میں قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا جبکہ تجاوزات کنندگان کا 5 ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا اسی طرح الشفا ہسپتال سیکٹر H-8 کے سامنے گرین بیلٹ سے بھی تجاوزات کو ہٹاتے ہوئے 1 ٹرک سامان ضبط کر لیا گیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک شہر بنانے کے لئے بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔