کھیل

چین میں پہلی بار فرنچائز بیسڈ کرکٹ لیگ کے انعقاد کی تیاریاں، ڈبلیو سی سی لیجنڈز لیگ مئی 2027 میں شروع ہوگی

شنگھائی: چین میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کو عالمی سطح پر وسعت دینے کے لیے پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل فرنچائز بیسڈ ٹی 20 لیجنڈز کرکٹ لیگ متعارف کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ (ڈبلیو سی سی) اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے اشتراک سے منعقد ہونے والی اس لیگ کا پہلا ایڈیشن مئی 2027 میں شیڈول ہے، جس میں عالمی کرکٹ کے نامور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی شرکت کریں گے۔اس منفرد منصوبے کو چین میں کرکٹ کی ترقی اور کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کرکٹ کو لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں شامل کیے جانے کے بعد چین سمیت نئی عالمی مارکیٹوں میں اس کھیل کے فروغ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔

اس منصوبے کی بنیاد اکتوبر 2026 میں ورلڈ چیمپئن شپ آف کرکٹ اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے رکھی گئی۔ معاہدے پر ڈبلیو سی سی کے چیئرمین پروین شرما اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے دستخط کیے۔ ڈونگیوہوئی اسپورٹس صوبہ جیانگ سو کے شہر تائی کانگ میں واقع شاشی ٹاؤن کرکٹ سینٹر کا انتظام سنبھالتی ہے۔ڈبلیو سی سی کے چیئرمین پروین شرما نے کہا کہ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی منفرد صلاحیت رکھتی ہے جبکہ چین اس کھیل کے مستقبل کے فروغ کے لیے ایک اہم اور پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکام کے تعاون اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے عالمی معیار کے کرکٹ مقابلوں کا انعقاد اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈبلیو سی سی کے بانی امن دیپ سنگھ نے کہا کہ چین میں ڈبلیو سی سی کے انعقاد کا خواب ابتدا ہی سے ان کے منصوبے کا حصہ تھا اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط اس سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے ذریعے شائقین کو عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا اور چین میں نئے لوگوں کو کرکٹ سے متعارف کرایا جا سکے گا۔ڈبلیو سی سی کو ورلڈ ٹینس لیگ، اسٹارز گالف لیگ اور ورلڈ پیڈل لیگ کے مالکان کی سرپرستی حاصل ہے، جنہیں بین الاقوامی فرنچائز اسپورٹس ایونٹس کے انعقاد اور انتظام کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ڈونگیوہوئی اسپورٹس کے چیئرمین یونگ ہوئی ٹونگ نے کہا کہ ان کا مقصد چین کو بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک اہم مرکز بنانا اور شاشی ٹاؤن کرکٹ سینٹر کو ملک میں کرکٹ کا نمایاں مرکز بنانا ہے۔ ڈبلیو سی سی کے ساتھ شراکت داری سے چینی شائقین کو دنیا کے بڑے کرکٹ اسٹارز دیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ نوجوانوں میں اس کھیل کی مقبولیت اور شرکت میں بھی اضافہ ہوگا۔مجوزہ لیگ چین کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے بھی اہم موقع ثابت ہو سکتی ہے، جہاں انہیں عالمی کرکٹ کے تجربہ کار کھلاڑیوں سے سیکھنے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ ان میں ایسے سابق کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سمیت بڑے عالمی مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔فرنچائز کی بنیاد پر منعقد ہونے والی اس لیگ میں نجی سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری فنڈز کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں گے، جو ٹیموں کی ملکیت، اسٹریٹجک شراکت داری اور تجارتی سرمایہ کاری کے ذریعے چین کی بڑی اسپورٹس مارکیٹ میں حصہ لے سکیں گے۔ڈبلیو سی سی اور ڈونگیوہوئی اسپورٹس کی مشترکہ کاوش کو چین میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عالمی کرکٹ اسٹارز کو چینی شائقین کے قریب لانے میں مدد ملے گی بلکہ ملک میں کرکٹ کے فروغ اور عالمی سطح پر کھیل کی مقبولیت میں اضافے کی نئی راہیں بھی کھلیں گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker