
ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر امریکا کی جانب سے 2 کروڑ ڈالر انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی پیشکش کو ’قابلِ مذمت اور افسوسناک‘ قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے اس اقدام کی مذمت کرے۔7 نومبر کو امریکی فوج نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنصیبات، آلات اور اس سے وابستہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کو 2 کروڑ ڈالر تک انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت دی جا سکتی ہے۔
عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس قابلِ مذمت اعلان کی واضح اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کریں۔
انہوں نے ایک بار پھر ایران کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کے دوران اہم ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔
اس جنگ کے بعد سے ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو فردو، نطنز اور اصفہان میں بمباری سے متاثرہ جوہری تنصیبات کے دورے کی اجازت نہیں دی۔28 فروری کو ایران اور امریکا کے درمیان جنگ اس وقت شروع ہوئی جب امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو شہید کر دیا گیا۔
جنگ کے شدید ترین مرحلے کے دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا، تاہم ان حملوں سے ہونے والے نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال واضح نہیں۔
قطر اور پاکستان کی قیادت میں سفارتی کوششیں جاری ہیں تاکہ جنگ ختم کرنے کے لیے کوئی معاہدہ طے پا سکے۔
تہران کا اصرار ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے بدلے واشنگٹن اس کے متعدد مطالبات تسلیم کرے، جن میں ایرانی اثاثوں پر سے پابندیاں ختم کرنا اور منجمد اثاثے بحال کرنا شامل ہے۔ آبنائے ہرمز ایک اہم بحری راستہ ہے جہاں سے توانائی کی بڑی مقدار دنیا بھر میں پہنچائی جاتی ہے اور ایران نے جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس راستے کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
عباس عراقچی اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات بعد کے مرحلے میں ہوں گے۔
ایران کا جوہری پروگرام کئی برس سے عالمی کشیدگی کا اہم سبب رہا ہے۔ 2018 میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں امریکا نے سابق صدر بارک اوباما کے دور میں طے پانے والے معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس معاہدے کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا تھا، جس کے بدلے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کی جانی تھی۔





