
اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کیخلاف پروپیگنڈے پر اہم بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پانا معیشت کے استحکام کی جانب مثبت پیش رفت ہے، معاہدہ زرمبادلہ ذخائر کو سہارا، عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرے گا،معاشی چیلنجز کے پیش نظر یہ پیش رفت اہمیت کی حامل تاہم حکومت کاروباری برادری پر مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کرے،
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ نجی شعبے کو سہولیات فراہم کی جائیں اور پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کیساتھ مہنگائی پر قابو، توانائی قیمتوں میں استحکام اور کاروباری لاگت میں کمی پر توجہ دی جائے، پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈا ملکی برآمدات اور معیشت کیخلاف گہری سازش ہے،جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی بدولت ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں، جی ایس پی پلس کیخلاف گمراہ کن اور منفی مہم پاکستان کی ساکھ کو نقصان، برآمدی شعبے کو بھی شدید متاثر کر سکتی ہے،
صدر ایف پی سی سی آئی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرے، کاروباری برادری جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کیلئے پرعزم ،اس کیلئے عالمی معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے،
انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت اس اہم تجارتی سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات تیز کرنے ہوں گے، بزنس کمیونٹی برآمدات کے فروغ، معاشی استحکام اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔




