
واشنگٹن (آئی پی ایس) امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے خلائی مشن آرٹیمس۔ ون کا اورین خلائی جہاز اپنے مشن کے آٹھویں روز چاند کے قریب سے گزرنے کے بعد ا پنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے جہاں سے وہ چاند سے دور دراز فاصلے پر واقع چاند کے مدار میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا ہے۔
بی بی سی کے مطابق ناسا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرٹیمس ون چاند کے جس دور دراز ریٹرو گریڈ مدار میں جانے کی تیاری کر رہا ہے،اس مدار میں یہ چاند کے گرد مگر اس کی مخالف سمت میں سفر کرے گا۔آرٹیمس ۔ون3روز قبل چاند سے 80 میل تک کے فاصلے تک پہنچا تھا جس کے بعد اس نے ایک بڑے مدار کی جانب سفر شروع کیا ۔خلائی مشن کا مقصد انسان کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنےاورمریخ کی جانب سفر کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ناسا کی خلاباز زینا کارڈمین نے بتایا کہ آرٹیمس پر ہزاروں سینسرز سے لیس روبوٹ سفر کر رہے ہیں جن میں تابکاری سینسرز، موشن سینسرز، ایکسلرومیٹر جیسے سینسر شامل ہ یں جن سے اندازہ ہو رہا ہے کہ وہاں کا ماحول کیسا ہے اور وہ انسانوں کے لیے کیسا ہو گا۔ناسا کے ایکسپلوریشن سسٹمز ڈویلپمنٹ کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر جم فری کا کہنا ہے کہ اورین کیپسول چاند سے40 ہزار میل کا فاصلہ طے کرے گا اور زمین سے تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار میل کے فاصلے پر ہوگا۔ناساکے آرٹیمس مشن میں کینیڈین سپیس ایجنسی، جاپان ایرو سپیس ایکسپلوریشن ایجنسی اور یورپیئن سپیس ایجنسی بھی شامل ہیں۔ناسا کے سائنس کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر تھامس زرباچن کہتے ہیں یہ کوشش چاند پر ایک پائیدار موجودگی کی تعمیر اور چاند کی بنیاد اور مریخ پر مستقبل کے مشن کی بنیادیں رکھنے کے بارے میں ہے۔یاد رہے کہ اس خلائی جہاز میں کوئی انسان موجود نہیں ہے تاہم اگر یہ مشن معمول کے مطابق کامیاب رہا تو مستقبل میں عام لوگوں کے چاند کا سفر ممکن ہو سکے گا۔





