
اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے مریم اورنگزیب کو لندن میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیراطلاعات سے بدتمیزی پر مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بھی ردعمل د یتے ہوئے کہا کہ مجھے تم (مریم اورنگزیب) پر بے حد فخر ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر وزیراعظم شہباز شریف نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب سے تحریک انصاف لندن کے کارکنوں کی بدتمیزی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب نے اپنے عمل سے ہراساں کرنے والوں اور ان کے سپورٹرز کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہراساں کرنے پر جس ظرف کا مظاہرہ کیا وہ قابل فخر ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میں لندن میں واقع کافی شاپ میں مریم اورنگزیب کو پی ٹی آئی کے مرد و خواتین کارکنوں نے ہراسگی کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔




