
اسلام آباد(آئی پی ایس) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا ہے کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے ، ہماری تیاری مکمل ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔بلاول بھٹو پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مقا بلے سے بھاگ رہے ہیں، یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، آج فاتحہ کا بہانہ تھا، جون 2012 میں جب وزیراعظم کا الیکشن ہونا تھا تب بھی فوزیہ وہاب کا انتقال ہوا لیکن ہم نے فاتحہ پڑھی مگر جو آئینی ذمہ داری تھی وزیراعظم کا الیکشن وہ بھی پوری کی لیکن آج اسپیکر عمران کے سہولت کار بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد پیش کی تو دن میں ہی خوف نظر آیا، سندھ ہاس پر حملہ کیا گیا، یہ ہر وہ حربہ استعمال کررہے ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے یہ بھاگ سکیں، یہ کیسا کپتان ہے جو پچ چھوڑ کر بھاگ رہا ہے مگر ہم متحد ہیں، ہم انہیں نہیں بھاگنے دیں گے اور یہ کب تک بھاگ سکتے ہیں، عدم اعتماد ہمارا جمہوری حق ہے، یہ اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، اب جیسے ہی اگلا سیشن شروع ہوگا عمران خان سابق وزیراعظم بن جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہماری تیاری مکمل ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ہماری فتح ہماری ہو گی ، تین سالہ جدوجہد کے بعد اسمبلی ایجنڈے پرعدم اعتماد کی تحریک آئی، جیت عوام کی ہوگی اور شکست سلیکٹڈ کی ہوگی۔صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد پیش نہ کرنے دینے پرکیا کریں گے ، جس پر بلاول بھٹو نے جواب دیا کہ آپ پھر دیکھیں گے کہ ہم کیا کرتے ہیں۔خیال رہے قومی اسمبلی کے اجلاس کے 15 نکاتی ایجنڈے میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل کی گئی ہے۔





