پاکستان

بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں،حسین ابراہیم

اسلام آباد(آئی پی ایس) سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کہاہے کہ بھارت کے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں، کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے، یمن کی صورتحال او آئی سی کیلئے تشویشناک ہے ۔اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع اور او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں ، بہترین مہانداری پر پاکستان کے مشکور ہیں ، او آئی سی کا 48 واں اجلاس اتحاد، انصاف اور ترقی کیلئے شراکت داری کے موضوع پر ہے ، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں ۔

سیکریٹری جنرل نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے ، کشمیر کا مسئلہ کافی عرصہ سے حل طلب ہے ، او آئی سی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتی ہے ، کشمیر کا حل کشمیر کے عوام کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے ۔حسین ابراہیم طہ کا کہناتھا کہ فلسطینی عوام کی نسل کشی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین کی خلا ف ورزی ہے ، خطے میں استحکام اور پائیدار امن کے خواہاں ہیں ،فلسطین سے متعلق اسرائیلی پالیسی پر تشویش ہے ، اسرائیل فلسطینیوں کی زمین پر قبضے اور مظالم کر رہاہے ،ہمیں فلسطین سے بھر پور اظہار یکجہتی کرنا چاہیے

 

۔ان کا کہناتھا کہ یمن کی صورتحال او آئی سی کیلئے تشویشناک ہے ، یمن تنازع سے وہاں کے عوام بری طرح متاثر ہیں، یمن میں خون ریزی کو فوری بند ہونا چاہیے ، حوثی باغیوں کی جانب سے شہری آبادیوں پر حملے تشویشناک ہیں ،یمن تنازع کا حل فوری ہونا چاہیے ، یمن مسئلے کا پر امن اور پائیدار حل ضروری ہے ۔ا ن کا کہناتھا کہ مسلم ممالک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ، افغانستا پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس کامیاب رہا، افغان امن کیلئے عالمی برادری سے رابطے میں ہیں ، صومالی اور سوڈان مسلسل تنازعات کا شکار ہیں، مسلم براداری کو انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہوگا ،افریقی ممالک کے تنازعات کو حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، جنیوا کنونشن اور سلامتی کونسل کی قرار دوں کے مطابق شامل کے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی باعزت واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں، اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلام فوبیا کے خلاف دن منانے کی قرار داد منظور کیا ہے ، امید ہے کہ اس دن کو منانے سے مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہو گی۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کا منظور ہونا مسلم امہ کی کامیابی ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں معاون ہو گا۔ انسانی بنیادوں پرٹرسٹ فنڈ کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، اس فنڈ کے ذریعے نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کی جا سکے گی، عالمی قراردادوں کیمطابق فلسطین کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، یمن کے عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker