اسلام آباد(آئی پی ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ ہائوس پر حملہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی دلیل ہے، ارکان قومی اسمبلی پر حملے عمران نیازی کی ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے۔ہفتہ کو قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سندھ ہائوس اور ارکان قومی اسمبلی کے گھروں پرحملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائوس اور اپنے ہی ارکان اسمبلی پر حملے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی دلیل ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ سندھ ہائوس اور ارکان قومی اسمبلی پر حملے اعتراف ہے کہ عمران نیازی ہار چکے ہیں، ارکان قومی اسمبلی پر حملے عمران نیازی کی ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے عوام میں تصادم منفی ، مجرمانہ اور غیرآئینی سوچ ہے، عمران نیازی پارلیمنٹ، پی ٹی وی سمیت سرکاری عمارتوں پر حملوں کے کنٹینر والے موڈ میں آگئے ہیں۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں آئین اور جمہوری انداز میں مقابلہ کرنے کے بجائے پتھر برسانا ، گیٹ توڑنا فسطائی ذہنیت اور شکست کی نشانی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت لاقانونیت سے باز رہے، کسی سیاسی راہنما، کارکن یا سرکاری عمارات کا نقصان ہوا تو عمران نیازی سے حساب لیں گے۔





