بھارت میں کورونا کی بندشیں ختم کر دی گئیں جس کے بعد بالی ووڈکنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان جیل میں اپنے بیٹے سے مل سکے۔ منشیات کے الزام میں گرفتاری کے بعد بیٹے آریان خان سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان جمعرات کے روز اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے۔ ان کے بیٹے کو 2اکتوبر کے روز ایک کروز پر پارٹی کے دوران مبینہ منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور پھر آٹھ اکتوبر کو با ضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ وہ گزشتہ تقریبا تین ہفتوں سے جیل میں ہیں۔ممبئی کی ایک ذیلی عدالت نے گزشتہ روز شاہ رخ خان کے بیٹے کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ ان کی ضمانت کے لیے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے، تاہم ہائی کورٹ نے بھی آئندہ ہفتے منگل کو سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ابھی انہیں کئی روز مزید جیل میں گزارنے پڑیں گے۔گرفتاری کے بعد سے شاہ رخ خان اور ان کے 23 سالہ بیٹے آریان خان کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی جو اطلاعات کے مطابق کافی جذباتی رہی۔ آرتھر روڈ جیل میں ملاقات کے دوران شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کے درمیان سلاخوں اور شیشے کا فاصلہ تھا تاہم وہ ایک دوسرے کو آمنے سامنے دیکھ سکتے تھے۔ بات چیت کے دوران وہاں دو محافظ بھی موجود تھے۔جیل میں انہوں نے اپنے بیٹے سے تقریبا بیس منٹ تک بات چیت کی۔بھارتی میڈیا نے جیل کے محافظوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے سے پوچھا کہ وہ کھانا صحیح سے کھا رہے ہیں کہ نہیں؟ اس پر آریان نے جواب دیا کہ انہیں جیل کا کھانا پسند نہیں آر رہا۔ اس پر شاہ رخ خان نے جیل حکام سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے بیٹے کے لیے گھر کا کھانا بھجوا سکتے ہیں۔ جواب میں افسران نے کہا کہ انہیں اس کے لیے عدالت سے اجازت لینی پڑے گی اور اگر کورٹ اجازت دیتی ہے تو انہیں گھر کا کھانا مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر شاہ رخ نے اپنے بیٹے کی ہمت اور حوصلہ بڑھانے کے لیے کچھ باتیں کیں۔ آریان خان کی ضمانت دو بار مسترد کی جا چکی ہے اور اب معاملہ ہائی کورٹ میں ہے۔ اس سے قبل آریان نے ویڈیو کال کے ذریعے اپنی ماں گوری خان سے بات کی تھی۔ بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ممبئی کے ساحل پر سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز)پر چھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران غیر قانونی طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں 8افراد کو حراست میں لیا۔اس میں بالی وڈ اداکار شا ہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی شامل تھے۔ آریان کو پہلی بار 4اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔آریان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن این سی بی کا دعوی ہے کہ ان کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔