پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور ترکمانستان کا دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ سے چیئرمین ترکمانستان چیمبر آف کامرس گرودو میرگن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ایف پی سی سی آئی اور ترکمانستان چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے، دونوں ممالک کی کاروباری تنظیموں کے مابین سرمایہ کاری فورمز کے انعقاد اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان توانائی، متبادل توانائی، ٹیکسٹائل، زراعت اور ادویات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری وفود کے تبادلے سے ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے، جبکہ پاکستان اور ترکمانستان کی کاروباری برادری کو مشترکہ منصوبوں کے قیام کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ دونوں ممالک کے درمیان معلومات اور کاروباری اعدادوشمار کے تبادلے سے تجارتی مواقع میں اضافہ ممکن ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی ترکمانستان کی کاروباری برادری کو پاکستانی تاجروں سے منسلک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ اس کے علاوہ آئی ٹی، ڈیجیٹل ذرائع، حلال خوراک اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک ترکمانستان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین ترکمانستان چیمبر آف کامرس گرودو میرگن نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو ہر سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان اپنے تاریخی تعلقات کو باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے بروئے کار لائیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے حالیہ عرصے میں متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

ملاقات میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون اور چیئرمین کیپیٹل آفس کریم عزیز ملک بھی شریک تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker