پاکستان

پاکستان کا 2027 میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی سربراہی سنبھالنا معاشی سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا 2027 میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے بورڈز کی سربراہی سنبھالنا معاشی سفارتکاری کی بڑی کامیابی ہے، جس سے ملک کے لیے معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ نے وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کو دونوں عالمی مالیاتی اداروں کے بورڈز آف گورنرز کے چیئرمین کے لیے نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کا اہم کردار ملکی معیشت کے لیے نئے امکانات پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں ملنے والی ذمہ داری کو سرمایہ کاری کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنا ہوگا۔ عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کی نمائندگی کو ملکی معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ 2027 میں اہم عالمی مالیاتی اداروں کی قیادت پاکستان کے لیے معاشی سفارتکاری کا سنہری موقع ہے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھا کر پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، نئی سرمایہ کاری لانے اور بین الاقوامی سطح پر اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کر سکتا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے فورمز پر پاکستان کی آواز کو مزید مؤثر بنانا ہوگا تاکہ عالمی سطح پر ملکی معاشی ترجیحات اور مفادات کو بہتر انداز میں پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی اداروں میں پاکستان کی اہمیت کو تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے استعمال کیا جائے۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق معاشی سفارتکاری کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے منسلک کرکے پاکستان کے لیے نئے اقتصادی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2027 میں ملنے والی ذمہ داری کو محض ایک اعزاز تک محدود رکھنے کے بجائے اسے پائیدار معاشی ترقی، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ بنانا ہوگا۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker