پاکستان

صدر اور وزیر اعظم کی چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر تقریب میں شرکت

اسلام آ باد :چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر ایک استقبالیہ اور پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین چائے دافنگ ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور چین و پاکستان کے دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے اس ثقافتی لمحے کا مشاہدہ کیا جو گہری پاک۔چین دوستی کی علامت ہے۔اس تقریب میں پچھترویں سالگرہ کا خصوصی تھیم سانگ “ہمارے دلوں کی دھڑکنیں” جو چائنا میڈیا گروپ کے ایشیا-افریقہ مرکز کے شعبہ اردو نے خصوصی طور پر تیار کیا، باضابطہ طور پر جاری کیا گیا۔

اس میوزک ویڈیو میں پاک۔چین دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور لازوال قربانیوں کی داستان کو نہایت مؤثر اور جذباتی انداز میں پیش کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے جذباتی رشتوں، مشترکہ ترقی کے سفر اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے اس ویڈیو کو بے حد سراہا اور اسے تقریب کا ایک یادگار اور نمایاں لمحہ قرار دیا۔میوزک ویڈیو پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ اس ویڈیو میں چینی باشندے نے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا ہے، جبکہ چین میں پاکستانیوں کو بھی اسی احترام اور عزت کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ احساس دراصل ایک گہرے نسل در نسل تعلق کی عکاسی کرتا ہے جو صدیوں پر محیط ہے، اور پاک۔چین تعلقات کو ایک مضبوط خاندانی رشتے کی صورت دیتا ہے۔اسی حوالے سے سینئر تجزیہ کار شکیل احمد رامے نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو خون اور پسینے سے سینچا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم اس دوستی کی زندہ مثال ہے جس کے ہر پتھر پر محنت، قربانی اور جدوجہد کے نقوش موجود ہیں۔ ان کے مطابق اس تعلق کی بنیاد دونوں ممالک کے عوام اور ان کی خوشحالی پر ہے، اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے جس میں زبان کی رکاوٹ کے باوجود دونوں اقوام ایک دوسرے کے جذبات اور احساسات کو بخوبی سمجھتی ہیں۔اس تاریخی موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام، اعتماد اور دیرینہ تعاون پر قائم ایک مثالی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور چیلنج کا ہمیشہ مل کر مقابلہ کیا، جبکہ دفاع، ثقافت، عوامی روابط اور زرعی شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین کی بے مثال ترقی ان کے وژن اور مدبرانہ قیادت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور پاک۔چین دوستی مستقبل میں بھی امن، ترقی اور خوشحالی کے اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی مشترکہ ترقی کے اصولوں پر قائم ایک مضبوط ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور “ایک چین” پالیسی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، خلائی تحقیق، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں تک وسیع ہو چکا ہے۔تقریب میں روٹس میلینیم سکول کے ہونہار بچوں نے چین کا معروف ثقافتی نغمہ “مولی ہوا” نہایت خوبصورت اور جذباتی انداز میں پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کے دوران معروف گلوکار ساحر علی بگا اور نامور گلوکارہ نتاشا بیگ نے اپنی سُریلی اور منفرد گائیکی کے ذریعے پاک۔چین دوستی کو موسیقی کے خوبصورت انداز میں اجاگر کیا۔اس موقع پر پاکستان کی جانب سے پاک۔چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی یادگاری سکے اور ڈاک ٹکٹ کا بھی اجراء کیا گیا، جسے حاضرین نے دونوں ممالک کے لازوال تعلقات کی علامت قرار دیا۔ تقریب میں پچھترویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب چین۔پاکستان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ مستقبل کے عزم کے اظہار کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker