تازہ ترینپاکستان

معرکہ حق تقریب: صدر ایف پی سی سی آئی کا افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام منعقدہ ’’معرکہ حق‘‘ کی خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں افواجِ پاکستان کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


تقریب میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی سیکیورٹی رانا عمر فاروق، ایس ایس پی عثمان طارق، سرفراز ورک سمیت پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگر نمائندے بھی صدر ایف پی سی سی آئی کے ہمراہ موجود تھے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی پوری بزنس کمیونٹی اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا اور ان غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو فولادی دیوار بن کر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ڈٹ گئے۔


انہوں نے کہا کہ بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذوں پر افواجِ پاکستان کے مربوط، منظم اور ہم آہنگ ردِعمل نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر منوایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’معرکہ حق‘‘ اس حقیقت کی روشن دلیل ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ بہادر، باوقار، ثابت قدم اور غیرت مند قوم ہے۔


صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ تو مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کسی جارحیت کے ذریعے جھکایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ تاریخ میں ایک عظیم کارنامے کے طور پر ثبت ہو چکا ہے اور دشمن کی بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔


عاطف اکرام شیخ نے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی جراتمندانہ اور دلیرانہ قیادت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی مدبرانہ حکمتِ عملی کو بھی سراہا۔


انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی نے بھی اس معرکہ میں ملکی سرحدوں پر چاق و چوبند رہ کر شاندار خدمات سرانجام دیں اور وطن کے دفاع کو ہر سطح پر یقینی بنایا۔


Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker