
اسلام آباد: صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شہدائے شکاگو سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے، اور اس دن کے موقع پر تمام ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے زور دیا کہ مزدوروں کی تنخواہوں، سوشل سکیورٹی اور فلاحی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے، جبکہ بہتر اجرت، محفوظ کام کا ماحول اور سماجی تحفظ کی فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور دوست پالیسیوں کے بغیر صنعتی ترقی ممکن نہیں اور ورکرز کو قومی ترقی میں برابر کا حصہ دینا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی ملک بھر کے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ مزدوروں کی فلاح، صحت، تعلیم اور رہائش کے لیے موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر ورکرز کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں، خصوصاً مہنگائی کے موجودہ دور میں مزدور طبقے کو خصوصی ریلیف دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط معیشت کا خواب اسی وقت پورا ہوگا جب مزدور خوشحال اور بااختیار ہوگا، اور محنت کش طبقے کو بااختیار بنائے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی مزدوروں کے لیے ہنر مند تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔





