پاکستان

آج کے دور میں آئی ٹی کی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں،جہانگیر

ملتان: جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ آج کے دور میں آئی ٹی کی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور حیران کن بات ہے کہ ہمارے بہت سے طلباء آج بھی کمپیوٹر لیب جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔طلباء کی تعلیمی ترقی اور مضبوطی پورے ملک کی مضبوطی کا باعث بن سکتی ہے۔ ہمارا مستقبل ہمارے طالب علم ہیں اور انہیں جدید تعلیم کی فراہمی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضامن بن سکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ماڈل ٹاؤن لاہور میں جدید کمپیوٹر لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ تعلیم کے مواقع یکساں ہونے چاہئیں اور باوسائل طبقے کو حاصل سہولیات غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو بھی میسر ہونی چاہئیں، کیونکہ مساوی مواقع ملنے سے ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔
جہانگیر خان ترین نے اعلان کیا کہ لاہور میں قائم کی جانے والی کمپیوٹر لیبز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں سے تین نمایاں طلبہ کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔ محمد رفیق (گروپ ڈائریکٹر فنانس، جے ڈی ڈبلیو)، انصر اظہر (ڈی پی آئی کالجز پنجاب)، احسن مختار (ڈائریکٹر کالجز پنجاب)، پروفیسر ڈاکٹر احسان علی (پرنسپل، گورنمنٹ گریجویٹ کالج ماڈل ٹاؤن لاہور) اور اکبر خان (چیف ایگزیکٹو آفیسر، ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن) سمیت دیگر معزز شخصیات نے تقریب سے خطاب کیا۔
گروپ ڈائریکٹر فنانس جے ڈی ڈبلیو محمد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی ترقی کے میدان میں جہانگیر خان ترین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ 1991 سے جہانگیر ترین کے گروپ کے ساتھ وابستہ ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لودھراں میں 2.5 ارب روپے کی لاگت سے ترین انسٹیٹیوٹ فار کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز (TICER) اور آمنہ گرلز ڈگری کالج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 3.5 ارب روپے ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اکبر خان نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2010 سے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے اور مختلف منصوبوں کے ذریعے طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب انصر اظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جہانگیر خان ترین کے مشکور ہیں کہ وہ طلباء کی بہتری کے لیے اپنے ذاتی وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور ایسے اقدامات تعلیمی نظام کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker