پاکستان

تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کا سخت ایکشن: فتح جنگ میں رات 10 بجے کے بعد خلاف ورزی پر شادی ہال سیل، بھاری جرمانہ اور مقدمہ درج

فتح جنگ (آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع انتظامیہ کی جانب سے قانون کی عملداری اور عوامی ریلیف کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں تحصیلدار فتح جنگ اور اسپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے واضح مثال قائم کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک نجی شادی ہال کو رات 10 بجے کے بعد تقریب جاری رکھنے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ بعد ازاں شادی ہال کو سیل کر دیا گیا جبکہ ہال کے مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
چوہدری شفقت محمود نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوری اور منصفانہ کارروائی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ضلع بھر میں گراں فروشی کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف بھی موقع پر ہی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کے ان اقدامات کو شہری حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق ان کارروائیوں سے نہ صرف مہنگائی پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے بلکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف بھی حاصل ہو رہا ہے۔
چوہدری شفقت محمود کی قیادت میں جاری یہ اقدامات ایک ایسے انتظامی ماڈل کی عکاسی کرتے ہیں جس میں قانون کی بالادستی، شفافیت اور عوامی تحفظ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker