اسلام آباد: پاکستان اور بیلاروس کی مختلف کمپنیوں کے درمیان تعاون کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شخ کی بیلاروس کے بزنس وفود سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں پاکستان اور بیلاروس میں زراعت،فوڈ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفود سے ملاقاتوں میں بزنس ٹو بزنس رابطوں ،نجی شعبے کے ذریعے سرمایہ کاری پر گفتگو کی گئی ،
صدر ایف پی سی سی آئی نے دونوں ممالک میں بزنس ٹو بزنس تعلقات کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، بیلاروسی ٹریکٹرز پائیداری کی علامت،انکی پاکستان میں مینیوفیکچرنگ کیلئے اقدامات کیے جانے چائیں،
بیلاروس سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری ہونی چاہیے ۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کو مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت میں تنوع لانے کی ضرورت ہے، پاکستان سے بیلا روس کو گوشت، ڈیری اور کاغذی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں،دونوں ممالک کا موجودہ باہمی تجارتی حجم صلاحیت سے کم ،گرم جوش تعلقات کی عکاسی نہیں کرتا، بیلاروس کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت ہے۔