تجارت

مشکلات سے بچانے کیلئے چھوٹی فار میسیز کو ٹیئر ون ریٹیلرز کٹیگری سے نکالا جائے۔ احسن بختاوری

طوفانی مہنگائی کی وجہ سے فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز کا کاروبار بہت متاثر ہو رہا ہے۔ طارق سعید
پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن کے وفد کا آئی سی سی آئی کا دورہ
اسلام آباد :پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر طارق سعید کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام اباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری سے ملاقات کی اور ان کو اپنے شعبے کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کی اہمیت پر زور دیا۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام اباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ چھوٹی فارمیسیز گاہکوں کی سہولت کیلئے ان کو ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کر رہی ہیں لیکن اس وجہ سے ایف بی آر نے ان کو ٹیئر ون ریٹیلرز کی کیٹیگری میں شامل کر کے ان پر زائد ٹیکس لگادیا ہے جو بلا جواز ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ چھوٹی فارمیسیز کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے اس کیٹیگری سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیمسٹ اور ڈرگسٹ مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی کر کے ایک اہم قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں لیکن دیگر کاروبار کی طرح اس شعبے کی کاروباری برادری کو بھی متعدد مسائل کا سامنا ہے جس وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے اس شعبے کے مسائل جلد حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیمسٹ اور ڈرگسٹ کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور چیمبر کے پلیٹ فارم سے ان کی آواز بنیں گے جبکہ ہر متعلقہ فورم پر اس سلسلے میں بات کریں گے تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاسکے
پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر طارق سعید نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسمان کو چھوتی مہنگائی کے پیش نظر دیگر صنعتوں اور کاروباری اداروں کی طرح کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ شعبہ بھی متعدد مشکلات سے دوچار ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث خام مال کی خریدوفروخت میں دشواری کا سامنا ہے اور اس صورتحال میں مارکیٹ میں ادویات کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت مریضوں کو ادویات کی قلت جیسے مسائل سے بچانے کیلئے اس شعبے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے۔
پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل قیصر مسعود نے کہا کہ مہنگائی کے بڑھنے سے دکانوں کے کرائے اور بجلی کے بلوں جیسے اخراجات میں بہت اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کیمسٹوں کا شرح منافع اتنا ہی ہے جس سے اس شعبے کی کاروباری برادری پریشان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن ادویات کی خریدوفروخت ایک قابلِ اعتماد ذریعہ نہیں ہے اور اس غیرقانونی عمل سے بھی کیمسٹوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے لہذا حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
عارف یار خان، طارق شیخ، نجیب عباسی، رمیض بیگ، چوہدری ساجد، عبدالعزیز، عثمان حفیظ، ملک اشفاق، بابر کیانی اور دیگر وفد میں شامل تھے۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفربختاوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker